ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کووڈ سے تین لاکھ سے زائد لوگ فوت ہوئے ہیں۔شیوکمار کا دعویٰ

کووڈ سے تین لاکھ سے زائد لوگ فوت ہوئے ہیں۔شیوکمار کا دعویٰ

Fri, 02 Jul 2021 10:48:52    S.O. News Service

بنگلورو،2؍ جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) صدر ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ کووِڈ وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد سے متعلق ان کی پارٹی فہرست تیار کرے گی۔ کیونکہ ریاستی حکومت صحیح تعداد ظاہر نہیں کررہی ہے۔

شیوکمار کے مطابق اس وبا سے صرف رواں سال میں تین لاکھ سے زیادہ لوگ فوت ہوئے ہیں جبکہ حکومت فوت ہونے والوں کی تعداد صرف 35ہزار بتارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوت ہونے والوں کا آڈٹ لازمی ہے۔اگر یہ کام حکومت نے نہیں کیا تو ہم گھر گھر جا کر فوت ہونے والوں کی فہرست تیار کریں گے۔جس میں درج کیا جائے گاکہ پچھلے سال اور امسال کون کون فوت ہوئے ہیں۔ ہم ان تمام کو معاوضہ دلوانے کے لئے یہ کام کریں گے۔شیوکمار نے بتایا کہ پارٹی کا ایک ماہی مہم کا آغاز آج جمعرات سے ہوچکا ہے۔

شیوکمار نے بتایا کہ ہم نے اپنے خود کے فارمس تیار کروائے ہیں۔جن لوگوں نے اب تک فوت ہونے والوں کا سرٹی فکیٹ حاصل نہیں کیا ہے، یہ سرٹی فکیٹ جاری کرنے پارٹی ورکرس، متعلقہ افسروں اور ملازمین پر دباؤ ڈالیں گے، تاکہ ان کے ورثاء کو حکومت سے معاوضہ دلوانے میں آسانی ہو۔شیوکمار نے چیف رجسٹرار آف برتھس اینڈ ڈیتھ کے دفتر کے ای جنما ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا کہ یکم جنوری تا 13جون کے درمیان 3.27لاکھ اموات ہوئی ہیں۔30جون کو یہ تعداد 3.60لاکھ ہوگئی ہے۔شیوکمار کے اس دعویٰ کے فوری بعد مذکورہ ویب سائٹ سے یہ تفصیلات غائب کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بھی حکومت فوت ہونے و الوں کی تعداد کم بتا کر لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔اس ماہ کے اول میں کانگریس کے سینئر لیڈر ایچ کے پاٹل نے بھی فوت ہونے والوں کی سرکاری تعداد پر عدم اطمینان ظاہر کیا تھااور سوال کیا تھا کہ کیا اتنی ساری فطری موتیں ہوئی ہیں؟ اس پرتعجب ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ایسا ہوہی نہیں سکتا۔

کے پی سی سی کارگزار صدر ایشور کھنڈے نے بیدر ضلع کے سرکاری اسپتال کے حوالے سے کہا کہ اس اسپتال میں 500بیڈس ہیں، جن میں 250غیر کووِڈ مریضوں کے لئے مختص ہیں۔15/اپریل اور 5مئی کے درمیان مذکورہ اسپتال نے 557فوت ہونے والوں کی فہرست جاری کی ہے جبکہ سرکاری بلیٹن میں فوت ہونے والوں کی تعداد صرف 141بتائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوت ہونے والوں کی حقیقی تعداد بتائی نہیں جارہی ہے۔شیوکمار نے مزید کہا کہ ایسے موقعوں پر حکومت کوکھلے دل ودماغ کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔جو لوگ معاوضہ حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں ڈاکٹر سرٹی فکیٹ ہونے یانہ ہونے پر بھی ان کی عرضیوں پر غور کرنا چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ کئی لوگ اپنے گھروں میں ہی فوت ہوئے ہیں،کیونکہ وہ بروقت اسپتال پہنچ نہیں پائے تھے۔وہ کیسے معاوضہ طلب کرسکتے ہیں؟ وہ دعویٰ نہیں کرسکتے۔


Share: